راولاکوٹ، آزاد کشمیر
راہِ حق پارٹی آزاد کشمیر اور اہلِ سنت والجماعت آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کے حوالے سے بننے والے کمیشن کا اہم اجلاس 29 اپریل 2026ء کو فاروق آباد، راولاکوٹ میں ہوا۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے آمدہ انتخابات میں جماعت کا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے مفتی عبدالوحید جلالی صاحب، مرکزی ترجمان اہلِ سنت والجماعت پاکستان کی سربراہی میں ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں مولانا افراز معاویہ (جنرل سیکرٹری راہِ حق پارٹی آزاد جموں و کشمیر)، علامہ فاروق کشمیری (راہنما اہلِ سنت والجماعت آزاد جموں و کشمیر)، راجہ نثار گل (راہنما اہلِ سنت والجماعت آزاد جموں و کشمیر)، امجد خان عباسی (صدر اہلِ سنت والجماعت ضلع مظفر آباد)، مفتی ندیم خلیل (راہنما اہلِ سنت والجماعت)، مفتی شاہد معاویہ (راہنما راہِ حق پارٹی) ممبران ہوں گے، جبکہ اس مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین مفتی عبدالوحید جلالی صاحب ہوں گے۔ یہ کمیٹی ریاست بھر میں انتخابات کے حوالے سے مذاکراتی عمل کو سرانجام دے گی۔
اسی طرح اس اہم اجلاس میں مولانا افراز معاویہ کی سربراہی میں راہِ حق پارٹی آزاد جموں و کشمیر کا پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔
مئی 2026ء کے پہلے عشرہ میں علامہ آفتاب احمد کاشر صاحب، صدر راہِ حق پارٹی آزاد جموں و کشمیر، تمام اضلاع کا تنظیمی دورہ کریں گے۔
دونوں جماعتوں کے مشترکہ سیاسی امور کے کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے آمدہ انتخابات میں ریاست جموں و کشمیر میں نظام خلافتِ راشدہ کے قیام، تحفظِ ناموسِ صحابہ و اہلِ بیت اور عوامی حقوق کے لیے کردار ادا کرنے کی بھرپور سعی کریں گے۔
یاد رہے کہ اہلِ سنت والجماعت آزاد جموں و کشمیر کی مجلسِ عاملہ کے اہم اجلاس منعقدہ جنوری 2026ء میں قائد کشمیر علامہ تصدق حسین کشمیری صاحب نے مجلسِ عاملہ کی مشاورت سے مفتی عبدالوحید جلالی صاحب کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، جو کمیٹی راہِ حق پارٹی آزاد کشمیر کے ذمہ داران کے ساتھ مل کر الیکشن 2026ء کے لیے فیصلہ جات کرے گی۔
اس اہم اجلاس کے بعد مرکزی ترجمان مفتی عبدالوحید جلالی صاحب کا اہم ویڈیو پیغام بھی سماعت فرمائیں۔
